فضل الرحمان نے حج کے نام پر 4 کمپنیاں فرنٹ مین کے نام سے بنائیں: وفاقی وزیر کا الزام

وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ اور جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جائیدادوں کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان جواب دینے سے کترا رہے ہیں، فضل الرحمان کے داماد کی اربوں کی پراپرٹی ہم نے سامنے رکھی ہے اور مولانا فضل الرحمان کا حج کرپشن کیس سامنے لائے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ مولانا فضل الرحمان نے حج کے نام پر چار کمپنیاں فرنٹ مین کے نام پر بنائیں، فضل الرحمان کے فرنٹ مین رؤف ماماکے بھی آگے فرنٹ مین ہیں، رؤف ماما کے فرنٹ مین ان کے ڈرائیور ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ بالکل آصف زرداری والی کہانی ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہوں نے اسرائیل وفود بھیجے، وزیراعظم کی مدینے کی ریاست کی بات کرنا، کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ لڑنا ان کی آنکھوں میں کھٹکتا ہے، جلسیوں میں عوام نے انہیں مسترد کر دیا۔