ملک میں کورونا سے مزید 34 ہلاکتیں، 1412 نئے کیسز رپورٹ

ملک میں آج اب تک کورونا سے مزید 34 افراد انتقال کرگئےجس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1051 ہو گئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 49391 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 365 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ سندھ میں 336 اور پنجاب میں 297 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 38، اسلام آباد 10، گلگت بلتستان میں 4 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔

کُل ٹیسٹ: 429,600
صحتیاب مریض: 
14,155 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)

آج کے کیسز کی صورتحال

آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 1412 کیسز اور 34 ہلاکتیں سامنے آئیں جن میں سندھ سے 960 کیسز 20 ہلاکتیں، خیبر پختونخوا سے 340 کیسز 14 ہلاکتیں، اسلام آباد 97 اور آزاد کشمیر  سے 15 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سندھ

آج بروز جمعرات سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 960 کیسز سامنے آئے اور 20 ہلاکتیں ہوئیں جن کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔

مرد علی شاہ نے بتایا کہ  صوبے میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 19924 اور ہلاکتیں 336 ہوگئی ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق مزید 680 مریض  صحتیاب ہوگئے جس کے بعد صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 6325 ہوگئی ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت سے آج کورونا وائرس کے مزید 97 کیسز  سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1235 ہوگئی ہے جب کہ 10 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 151 مریض صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر سے آج کورنا کے مزید 15 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ ہوئے ہیں۔

پورٹل کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 148 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے ایک ہلاکت ہوئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 79 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

پنجاب

پنجاب میں بدھ کو کورونا کے مزید 697 کیسز اور 7 ہلاکتیں بھی سامنے آئیں جن کی تصدیق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے کی گئی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 17382 ہوگئی ہے جب کہ 297 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

صوبے میں اب تک 5112 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان سے بدھ کو کورونا کے مزید 83 کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 2968 ہوگئی ہے جب کہ 38 افراد اب تک جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان میں کورونا سے متاثرہ 636 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں جمعرات کو کورونا وائرس سے مزید 14 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 365 ہوگئی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا کے مزید 340کیسز بھی سامنے آئے جس کے بعد متاثرہ افراد کی کل تعداد 6815 ہوچکی ہے۔

کے پی میں 2198 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان

بدھ کو گلگت بلتستان میں مزید 23 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 579 ہو گئی ہے۔

گلگت بلتستان میں وائرس سے اب تک 4 ہلاکتیں ہوئی ہیں جب کہ کورونا سے متاثرہ 402 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں اور 173 زیر علاج ہیں۔

دنیا بھر میں کورونا کے کیسز کی صورتحال