’پاکستان ریلوے کے 20 فیصد مسافر کم ہو گئے‘

وزیر  ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ  حکومت ریلوے کو سبسڈی دینے کے بجائے ریلوے ملازمین کی پینشن ادا کرے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے 34 ٹرینیں معطل کر دی ہیں  جس سے ریلوے کے 20 فیصد مسافر کم ہو گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

شیخ رشید نے کہا کہ 15 رمضان تک ٹرینیں معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، حالات بہتر ہونے پر معطل ٹرینیں بحال کی جائیں گی کیونکہ دو لاکھ مسافروں کو ان حالات میں ہینڈل کرنا مشکل ہے۔ 

ملک کو لاک ڈاؤن کرنے سے متعلق سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا اختیار میرا نہیں وزیراعظم عمران خان کا ہے۔

ریلوے ملازمین کو نکالنے کے سوال پر انہوں نے کہا کہ  کسی ملازم کو نہیں نکالا جا رہا،  حکومت  ریلوے کو سبسڈی دینےکے بجائے ریلوے ملازمین کی پینشن ادا کرے۔

ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور مزید نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 519 ہوگئی ہے۔

مہلک وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت کی جانب سے اعلی سطح کے حفاظتی اقدامات جاری ہیں جس کے تحت ملک کے اسکول، دفاتر سب بند ہیں جب کہ کھیلوں کی سرگرمیاں، ایونٹس بھی منسوخ کر دیئے گئے ہیں ساتھ ہی سفری پابندی بھی عائد کی گئی ہے۔