پی ڈی ایم حکومت سے نجات کیلئے تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گی، آصف زرداری

اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑےحادثے کا شکار ہوسکتا ہے، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہوچکا ہے، سابق صدر— فوٹو:فائل 

سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) متحد اور  حکومت سے نجات کیلئے تمام آپشنز بتدریج استعمال کرے گی۔

سابق صدر آصف زرداری نے پیپلزپارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور کو ٹیلیفون کیا۔

ٹیلیفونک گفتگو میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم متحد ہے اور حکومت پر ہر طرف سے وار کرے گی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ملک شدید خطرات میں ہے، حکمران کوئی بڑا بلنڈر کرسکتے ہیں، حکومت کو گھر بھیجنا اس وقت بہت ضروری ہوچکا ہے، اناڑی حکمرانوں کی نااہلی سے ملک کسی بڑےحادثے کا شکار ہوسکتا ہے۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ حکومت سے نجات کیلئے پی ڈی ایم تمام آپشنز بتدریج استعمال کرےگی، اگلے چند مہینے ملکی سیاست کے مستقبل کیلئے بہت اہم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کو اب مزیدکورونا کے پیچھے چھپنے نہیں دیں گے، نہ یہ ویکسین خریدسکے نہ کورونا پر عوام کی مدد کرسکے، ہم نے 2008 کے عالمی معاشی بحران کے باوجود ایکسپورٹ 19 سے 26 ارب تک بڑھائی، ملک کا ریونیو ڈبل کیا اور ملازمین کی تنخواہیں 125 فیصد جبکہ سرکاری ملازمین کی پنشن میں 100 فیصد اضافہ کیا۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھاکہ اناڑی حکمرانوں نے آج ملک کے تمام اشاریے منفی کر دیے ہیں، میں نے پہلے ہی کہاتھا یہ سلیکٹڈ حکمران اپنے وزن سے خود گریں گے، اب یہ گرچکے ہیں اور بس اب ایک آخری دھکے کی ضرورت ہے، پی ڈی ایم کے ساتھ مل کر پیپلزپارٹی اس ناکام اورنااہل ٹولےکوگھربھیجے گی۔

خیال رہے کہ اپوزیشن اتحاد میں شامل پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو گرانے کیلئے حکمت عملی میں اختلاف پر وزراء کی جانب سے پی ڈی ایم میں ٹوٹ پھوٹ کا دعویٰ کیا گیا تھا۔

گزشتہ دنوں حکومت گرانے کیلئے بلاول نے اپوزیشن اتحاد کو مشورہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اتحادیوں کو منائيں گے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلئے جمہوری و آئینی طریقہ تحریک عدم اعتماد ہے۔

اس پر مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف فیصلہ کن لانگ مارچ کرنا چاہیے، تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے پیپلزپارٹی کی پرانی تجویز ہے۔