کراچی: گلستان جوہر میں جھنڈا لگانے پر دو گروپوں میں تصادم، 2 افراد زخمی

فائل فوٹو

کراچی: گلستان جوہر میں دو گروپوں کے درمیان جھگڑے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہوگئے جب کہ مشتعل افراد نے ایک گاڑی کو بھی آگ لگادی۔

پولیس کے مطابق گلستان جوہر پرفیوم چوک کے قریب جھنڈا لگانے پر دو گروپوں میں تصادم ہوگیا، مظاہرین نے ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور ایک دوسرے پر بوتلیں پھینکنے سے 2 افراد زخمی ہوگئے جنہیں گلستان جوہر چورنگی پر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

صورتحال خراب ہونے پر پولیس اور رینجرز کی نفری بھی پہنچ گئی اور صورتحال کو کنٹرول کیا۔

پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے ہنگامے کے دوران پرانی گاڑی کے ڈھانچے میں ٹائر ڈال کر اسے آگ بھی لگائی جسے فائربریگیڈ نے پہنچ کر بجھادیا۔

پولیس اور رینجرز نے علاقے میں پہنچ کر مظاہرین کو منتشر کردیاجس سے علاقے میں صورتحال معمول پر آگئی۔