گلگت، نلتر میں گاڑی پر فائرنگ کے مقدمے میں نامزد 16ملزمان گرفتار

گلگت بلتستان کے علاقے نلتر میں گاڑی پر فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل اور 7 کو زخمی کرنے کے مقدمے میں نامزد  تمام 16 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

سینیئر سپرٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) گلگت مرزا حسن کے مطابق دو روز قبل نلتر میں گاڑی پر فائرنگ کرکے 6 افراد کو قتل اور 7 کو زخمی کرنے والے 16 ملزمان کا تعلق غذر اور سکارکوئی گلگت سے ہے۔ 

انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ہفتے کی صبح کونو داس گلگت آر سی سی پل کے قریب فائرنگ کرکے دو افراد کو زخمی کرنے والے دونوں ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

اُدھر محکمہ داخلہ گلگت بلتستان نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ہوائی فائرنگ، ہتھیار لے کر چلنے اور اس کی نمائش پر مکمل پابندی لگادی ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کہنا ہے کہ امن و امان کو یقینی بنانےکیلئے پوری ریاستی طاقت کو استعمال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں گلگت نلتر میں گاڑی پر فائرنگ سے 6افراد جاں بحق اور 7زخمی ہوئے تھے۔