‘گیٹ کے نیچے سے بل آئے تو اسے بل گیٹ کہا جاتا ہے’

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے زرتاج گل کا نام لیے بغیر کورونا وائرس کے حوالے سے ان کے بیان کا مذاق اڑایا— فوٹو: فائل

قومی اسمبلی کے اجلاس میں ن لیگ کے رہنما خواجہ آصف نے زرتاج گل کا نام لیے بغیر کورونا وائرس کے حوالے سے ان کے بیان کا مذاق اڑایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں زرتاج گل نے پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام میں انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ کووڈ 19 کا مطلب اس کے 19 پوائنٹس ہیں جس کے بعد ان کی اس بات کا ویڈیو کلپ وائرل ہوا اور صارفین نے دلچسپ میمز بنا کر سوشل میڈیا پر ان کا خوب تمسخر اڑایا۔

آج زرتاج گل نے قومی اسمبلی میں اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ ٹاک شو میں ان کی زبان پھسل گئی تھی۔

زرتاج گل نے کہا کہ اگر اس بات پر مجھے معافی مانگنی چاہیے تو انہیں 1971 کے سانحہ پر معافی مانگنی چاہیے۔

قومی اسمبلی سے خطاب میں خواجہ آصف نے زرتاج گل وزیر کا نام لیے بغیر جملے کہے جس سے  ارکان لطف اندوز ہوتے رہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ‘گیٹ کے نیچے سے بل آئے تو اسے بل گیٹ کہا جاتا ہے’، اسپیکر نے ٹوکا تو خواجہ آصف بولے کہ  میں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ ٹیلی فون ڈائلنگ میں 92 کا لفظ اس لیے آتا ہے کہ پاکستان نے بانوے کا ورلڈ کپ جیتا۔